تہران ۔3دسمبر (اے پی پی):ایرا ن نے کہاہے کہ خطے کی بدلتی صورتحال کے تناظر میں اس کے فوجی مشیر شام میں موجود رہیں گے۔ العربیہ کے مطابق شام میں تیزی سے بدلتی صورتحال اور حلب پر مسلح دھڑوں کے اچانک حملے کے تناظر ایران نے شامی حکومت کی بھر پور حمایت کا اظہار کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ شام کی درخواست پر ایرانی فوجی مشیروں کی دمشق میں موجودگی برقرار رہے گی۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شام اور خطے میں عدم تحفظ کا سب سے بڑا فائدہ اسرائیل کو ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ خیال کیا جا سکتا ہے کہ لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کے فوراً بعد دہشت گرد گروہوں کا دوبارہ متحرک ہونا محض ایک اتفاق یا حادثہ ہے لیکن اگر ہم 2011ء اور 2012ء کے بعد شام میں دہشت گردی کے ابھرنے کی تاریخ پر نظر ڈالیں اور اس کے اور اسرائیل کے درمیان مشکوک تعلقات کو دیکھیں تو ہم ان واقعات کو محض اتفاق نہیں سمجھ سکتے۔