کوئٹہ۔ 11 فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خواتین کی ترقی اورحقوق کے تحفظ کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر زراعت علی حسن زہری، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے محنت و افرادی قوت سردار بابا غلام رسول عمرانی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ عبدالمجید بادینی کے ساتھ ایک اہم ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال اور محکمہ ترقی نسواں سے متعلق مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اس موقع پر کہا کہ بلوچستان میں خواتین کے حقوق اور ان کی ترقی کے حوالے سے پالیسیوں کو مزید مؤثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔ خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لیے مختلف منصوبے زیر غور ہیں، جن میں فنی تربیت، روزگار کے مواقع کی فراہمی، اور کاروباری سہولیات شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے لیے محفوظ اور باسہولت سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ بلا کسی رکاوٹ کے اپنی تعلیمی اور پیشہ ورانہ سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے بلوچستان میں خواتین کے لیے ترقیاتی پالیسیوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں پر جلد از جلد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا تاکہ خواتین کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنایا جا سکے۔