حیدرآباد۔ 14 جون (اے پی پی):کمشنر شہید بے نظیر آباد سید محمد سجاد حیدر نے کہا ہے کہ خون کا عطیہ دینا انسانیت کی خدمت ہےجس سے کسی زخمی اور مریض کی جان بچائے جاسکتی ہے، جو رضاکار اس کار خیر میں شامل ہیں ان کی خدمات قابل تحسین ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے خون عطیہ کرنے کے عالمی دن کے موقع پر ریجنل بلڈ سنٹر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں نوجوان خون کا عطیہ دیتے ہوئے ڈرتے ہیں، ان میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے کہ خون کا عطیہ دینے والے کی صحت کو کوئی خطرہ نہیں، ہمیں یہ سوچنا ہے کہ کسی حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں ہمیں بھی خون کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
تقریب سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسر ڈاکٹراسداللہ ڈاہری، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول ہسپتال ڈاکٹر یار محمد جمالی، ریجنل بلڈ سنٹر کے ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر خادم حسین میمن اور تھیلی سیمیا پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد صادق سیاح نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے دوران عطیہ خون دینے والے رضاکاروں اور عطیہ خون جمع کرنے کے لئے کیمپ منعقد کرنے والے رضاکاروں میں شیلڈ اور سرٹیفکیٹ تقسیم کئے گئے، بعد میں کمشنر نے بلڈ سنٹر کا معائنہ کیا۔