خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی مردان میں کارروائی ،غیر معیاری گڑ تلف، یونٹ سیل

61

پشاور۔ 20 نومبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی نے مردان میں کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری گڑتلف کرکے ناقص صفائی اور غیر معیاری اجزاکے استعمال پریونٹ سیل کر دیا۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم مردان کا خفیہ اطلاع ملنے پر سکندری کے علاقے میں مرونڈا بنانے والےیونٹ پر اچانک چھاپہ مار کر یونٹ سے4 ہزار کلو گرام غیر معیاری اور مضر صحت گڑ برآمد کرکے تلف کر دیا جبکہ یونٹ کو انتہائی ناقص صفائی اور غیر معیاری اجزا کے استعمال پر سیل کر دیا ۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق یونٹ مالکان پر بھاری جرمانے عائد کر کے فوڈ سیفٹی ایکٹ کے مطابق مزید کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ، شہری ایسے عناصر کے خلاف فوڈ اتھارٹی حکام کو فوری اطلاع دیں۔