دبئی ایکسپو 2020 کے دوران پاکستان پویلین میں ’’کلین گرین پاکستان‘‘ سیشن کا انعقاد

185

اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):دبئی ایکسپو 2020ء کے دوران پاکستان پویلین میں کلین گرین پاکستان سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ سیشن میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے شرکت کی۔ سیشن کا انعقاد پیپسی کو کے تعاون سے کیا گیا۔ بدھ کو پاکستان پویلین میں کلین اینڈ گرین پاکستان کے موضوع پر مباحثہ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک امین اسلم نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے کہ دبئی ایکسپو 2020ء میں موسمیاتی تبدیلیوں اور تنوع کے حوالہ سے 3 تا 9 اکتوبر کے دوران خصوصی ہفتہ منایا جا رہا ہے۔ اس دوران مختلف پروگرام اور فورمز منعقد کئے جائیں گے۔ پاکستان نے دبئی ایکسپو کے موقع پر موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے عالمی برادری کی آگاہی کیلئے مختلف فورمز اور مذاکروں کا اہتمام کیا ہے۔

پاکستان پویلین میں منعقدہ مذاکراہ سے گفتگو کرتے ہوئے ملک امین اسلم نے کلین اینڈ گرین پاکستان کے وژن کے تحت کئے گئے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالی اور مستقبل کے منصوبوں کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ماحول دوست مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے جامع اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالہ سے حکومت کے ساتھ اشتراک کار پر نجی شعبہ کے کردار کو بھی سراہا۔ وفاقی وزیر نے پیپسی کو، پاکستان اور نووا ٹیکس کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب میں بھی شرکت کی جس کے تحت ایک سال کے دوران 500 ملین بوتلوں کی ری سائیکلنگ کی صلاحیت رکھنے والا ری سائیکلنگ پلانٹ لگایا جائے گا اور یہ پلانٹ 2022ء میں باقاعدہ کام شروع کر دے گا۔