دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر انتظامیہ ہائی الرٹ ہے،ڈپٹی کمشنر قصور

220
Flood High Alert

قصور۔ 27 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر قصورمحمد ارشد بھٹی کی زیر صدارت دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے محکمانہ تیاریوں بارے اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاکستان آرمی، ریسکیو 1122، ریونیو، لائیو سٹاک،سول ڈیفنس، واپڈا، ایری گیشن اور پولیس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کئے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

محکمہ ایری گیشن کی طرف سے دریائے ستلج میں فلڈ بندوں،گزشتہ سال سیلاب کی زد میں آنے والے علاقوں کی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی بارے بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کےلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔ دریائے ستلج میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر انتظامیہ ہائی الرٹ ہے اور مقامی آبادیوں اور فصلوں کو سیلابی پانی سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔