دور جدید کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے خواتین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،میر رحمت صالح بلوچ

68

کوئٹہ۔ 12 فروری (اے پی پی):نیشنل پارٹی کے رہنما اورسابق صوبائی وزیر میر رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ خواتین کی شرکت کے بغیر ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، خواتین ملک کی آبادی کا نصف ہیں،دور جدید کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے خواتین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آبرو ہوم میں بلوچستان ویمن بزنس فورم کے زیراہتمام خواتین کے قومی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر بلوچستان ویمن بزنس فورم کی صدر فائزہ مینگل، وفاقی محتسب برائے خواتین کی ریجنل ہیڈ جسٹس ریٹائرڈ طاہرہ بلوچ، ایڈمنسٹریٹر آبرو ہوم ناہید کریم سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ میر رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ کسی بھی معاشرے میں خواتین کی شمولیت کے بغیر ترقی نہیں کی جاسکتی ، خواتین نے تمام شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، اس وقت بھی ملک کے اہم عہدوں پرخواتین بطریق احسن فرائض سرانجام دے رہی ہیں جن کی جتنی حوصلہ افزائی کی جائے کم ہے۔