دورحاضر میں نوجوانوں کو کتب بینی کی طرف مائل کرنا ناگزیر ہے،وائس چانسلر جامعہ زرعیہ فیصل آباد

67

فیصل آباد۔ 02 اکتوبر (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے کہا ہے کہ دورحاضر میں نوجوانوں کو کتب بینی کی طرف مائل کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے 9روزہ کسان میلے کا آغاز کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے نوجوان موبائل، کمپیوٹر اور ٹی وی کی سکرین تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں ، اگرچہ آئی ٹی کے اس دور میں معلومات کا طوفان صرف ایک سنگل کلک کے فاصلے پر ہے تاہم علم اور ترقی کی منازل کتابوں سے استفادہ کئے بغیر طے نہیں کی جا سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ کسان میلہ کے حوالے سے پانچ روزہ کتاب میلے کابھی انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں 33سٹالز پرایک لاکھ سے زائد کتابیں رکھی گئی ہیں جن میں نہ صرف سائنس بلکہ تاریخ، ادب، سفرنامے، اسلامی کتب، میڈیکل، انجینئرنگ، زراعت، فزکس، شعبہ ابلاغیات سمیت دنیا کے تمام موضوعات پر کتابیں موجود ہیں جو لوگوں کی توجہ کا مرکز بن چکی ہیں۔ جامعہ زرعیہ فیصل آباد میں 9روزہ کسان میلے میں زرعی نمائش، آرٹ اینڈ لٹریچر فیسٹیول، نیزہ بازی کے مقابلہ جات، فوڈ اینڈ نیوٹریشن میلہ، کسان کنونشن، تصویری نمائش، گرے ہاؤنڈ ریس، کبڈی، گڑ میلہ، ڈاگ شو، صوفی نائٹ، شاعری کے مقابلہ جات، مقابلہ حسن گھوڑیاں و دیگر کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر ریاض ورک نے کہا کہ کسان میلے میں زرعی سائنسدانوں، کاشتکاروں، پالیسی میکرز اور معاشرے کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ زرعی استحکام اور ترقی کے لئے مربوط کوششیں عمل میں لا سکیں۔ اس موقع پر سابق بیوروکریٹ افسرساجد، کنوینئر کسان میلہ ڈاکٹر ریاض ورک، ڈین آرٹس اینڈ ہیومینٹیز ڈاکٹر شازیہ رمضان، ڈائریکٹر سوائل سائنسز ڈاکٹر مرتضیٰ سندھو، ڈاکٹر سہیل ساجد، لائبریرین ڈاکٹر عمرفاروق، پرنسپل آفیسر تعلقات عامہ ڈاکٹر محمد جلال عارف، رجسٹرار طارق گل، ٹریژرر ذیشان اشفاق بخاری، سینئر ٹیوٹر ڈاکٹر شوکت علی، چیئرمین ڈاکٹر عاصم عقیل، ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی، چیف ہال وارڈن ڈاکٹر انوارالحق، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لینکجز ڈاکٹر کاشف سلیمی، سٹیٹ آفیسر رانا شہزاد و دیگر بھی موجود تھے۔