دوسرے چین جنوبی ایشیاءتعاون فورم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ڈپٹی میئر سید ذیشان علی نقوی کا فورم سے خطاب

71

یوشی/ چین۔ 10 جون (اے پی پی)چین اور جنوبی ایشیائی ممالک کے مابین باہمی تعاون اور تبادلوں کو فروغ دیکر معیشت، تجارت صنعت، ذرائع ابلاغ سمیت مختلف شعبہ جات میں تعاون کو مضبوط بنانے اور نئی راہیں متعین کرنے کے عزم کے ساتھ دوسرے چین جنوبی ایشیاءتعاون فورم کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔ اس سلسلہ میں پیر کے روز چین کے صوبہ یونان کے سیاحتی مقام یوشی میں فورم کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ دو روزہ کانفرنس میں پاکستان، افغانستان، مالدیپ‘ بنگلہ دیش‘سری لنکا‘ بھارت، میانمار سمیت خطہ کے مختلف ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر جنوبی ایشیائی ممالک کے عوامی نمائندوں، حکومتی شخصیات اور کاروباری افراد اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی موجود تھے۔ پاکستان کی نمائندگی ڈپٹی میئر اسلام آباد سید ذیشان علی نقوی نے کی۔ گورنر صوبہ یونان روآن چینگ فا نے تقریب سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یونان چین اور جنوبی ایشیا ممالک اور ان کے عوام کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی رابطہ کا ذریعہ ہے اور چین۔ جنوبی ایشیا تعاون میں اہم صوبائی کردار ہے۔ حالیہ برسوں میں بیلٹ اور روڈ اقدام کے فریم ورک کے تحت چین۔جنوبی ایشیا ایکسپو اور سرمایہ کاری فیئر جیسے پلیٹ فارمز کے ساتھ صوبہ یونان نے جنوبی ایشیا ممالک کے ساتھ تبادلوں اور تعاون کو وسعت دی ہے۔