دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے ، پوری قوم سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،نگران وزیرا علی بلوچستان

93
Mir Ali Mardan Khan Domki
Mir Ali Mardan Khan Domki

کوئٹہ۔ 22 اگست (اے پی پی):نگران وزیرا علی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے اور فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 6 جوانوں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ نگران وزیرا علی نے شہید جوانوں کے درجات کی بلندی اور سو گوار خاندانوں کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے جواں مردی سے مقابلے کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا ، ہمیں اپنی سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے جنہوں نے ہمیشہ دہشت گردوں اور تخریب کاروں کے ناپاک عزائم ناکام بنائے۔ نگران وزیراعلی نے کہا کہ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے ، پوری قوم اپنے سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ، سیکیورٹی اداروں اور عوام کے تعاون سے دہشت گردی کی عفریت کا مکمل خاتمہ کریں گے۔