پیرس۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) سٹار ہسپانوی کھلاڑی اور عالمی نمبر ایک رافیل نڈال فٹنس مسائل کے باعث پیرس ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئے ہیں، اس کا مطلب ہے کہ سربین کھلاڑی نوویک جوکووچ آئندہ ہفتے جاری ہونے والی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں انہیں ٹاپ پوزیشن سے محروم کر دیں گے۔ نڈال نے اپنے بیان میں کہا کہ میں گزشتہ کئی دنوں سے سروس کے دوران پیٹ میں درد محسوس کر رہا تھا، ڈاکٹرز نے طبی معائنے کے بعد مکمل آرام کا مشورہ دیا اسلئے میں نے پیرس ماسٹرز سے دستبرداری کا فیصلہ کیا اور اب سو فیصد فٹ ہونے کے بعد دوبارہ کورٹ کا رخ کروں گا، انجری کے لحاظ سے یہ سال میرے لئے کافی مشکل رہا اسلئے کھیل جاری رکھ کر کوئی خطرہ مول لے نہیں سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مزید دو تین سال تک ٹینس کھیلنا چاہتا ہوں اسلئے ضروری ہے کہ میں اپنی باڈی کا خیال رکھوں تاکہ سو فیصد فٹ رہ سکوں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=120163