رواں سال 20مال گاڑیوں اور 20مسافر ٹرینوں کا اجراء کیا جائے گا، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد

93

اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ رواں سال 20مال گاڑیوں اور 20مسافر ٹرینوں کا اجراءکیا جائے گا ،چیک اینڈ بیلنس اور لائیو ٹریکنگ سسٹم سے آئل چوری کی روک تھام ،ٹرینوں کی آمدورفت کی ٹریکنگ ہوسکے گی ، ریلوے آمدن میں ایک سال میں 20ارب روپے اضافے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ،365ایکٹر اراضی گوادر ریلوے سٹیشن کے لئے حاصل کر لی گئی ہے ،خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان خود گوادر ریلوے سٹیشن کا افتتاح کریں ،یومیہ کی بنیاد پر 11ہزار مسافروں کا اضافہ ہورہا ہے ،تمام ٹرینیں فل جارہی ہیں،جلد دو وی وی آئی پی ٹرینوں کا اجراءکیا جائے گا ۔وہ منگل کو وزیراعظم آفس میں دو نئی ٹرینوں کے اجراءاور ٹرینوں کے ٹریکنگ سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے کے محنت کشوں کی دن رات محنت کے ذریعے پرانی کوچز کی مرمت کر کے ٹرینوں کا اجراءکیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 6ماہ میں 24نئی ٹرینوں کے اجراءکے باوجود 10لاکھ لیٹر آئل کی بچت کی گئی ہے ،وزیر خزانہ اسدعمر کا مشکور ہوں جن کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے پی ایس او نے ہمیں پیٹرول پمپ دیدیئے ہیں،ریلوے ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے آئل چوری ختم ہوجائے گی کیونکہ ٹریکنگ میں آئل کے استعمال کا پتہ چل جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں بغیر کسی منصوبہ بندی کے اوکاڑہ ،ناروال اور دیگر علاقوں میں غلط سٹیشن بنائے گئے ہیں ۔وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ لاہور ریلوے کالونیوں کے لئے 1000بجلی کے میٹر حاصل کر لئے ہیں ،تمام ریلوے کالونیوں میں بجلی فراہمی کے لئے میٹر نصب کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی ہسپتالوں کی حالت بھی بہتر نہیں ہے ، میڈیکل پر سالانہ 31کروڑ خرچ ہورہے ہیں اس پر بہتری کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر ریلوے میں غیر ضروری ادارے ختم کیے جارہے ہیں، اب تک ریلوے میں ویجیلنس ، ریڈنکو کو ختم کر دیا ہے اور دیگر 4اداروں کو دو اداروں میں ضم کرنے کے لئے چیئرمین ریلوے کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات پرٹرینوں پر سفر کرنے والے 75سال عمر کے بزرگوں کے لئے سفر فری ،65سال تک کے بزرگ مسافروں کے لئے 50فیصد کی رعائیت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ تمام ریلوے سٹیشنوں اور ٹرینوں میں معذوروں کی رسائی ممکن بنائی گئی ہے ،ہم کلین ،گرین ریلوے کی مہم پر ہیں، ایک ماہ کے لئے ٹرین کے سفر پر ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ہم وزارت خزانہ سے ضمنی گرانٹ کا تقاضا نہیں کر رہے صرف یہ چاہتے ہیں کہ مختلف مدوں پڑے ہوئے پیسوں کو دوسری جگہوں پر منتقل کر دیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پشاور سے اٹک خود ر، پنڈی سے ٹیکسلا ،کے پی کے اور کراچی کے لئے سفاری ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تھل ایکسپریس صبح سات بجے پنڈی سے ترنول ،فتح جھنگ ،کندیاں، میانوالی ،لیہ سے ہوتے ہوئے چار گھنٹے کم دورانیے سے ملتان پہنچے گی ۔انہوں نے کہا کہ پشاور کے غریب لوگوں کو 1350روپے میں پشاور سے کراچی پہنچا رہے ہیں ،تین ٹرینیں غریبوں کے لئے مختص کی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ریلوے مزدوروں کے سکیل کی اپ گریڈیشن اور ریلوے پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کا وعدہ کیا ہے جو جلد پورا کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں ایک ایک ارب کی مشینں لیں ہیں اور وہ ایک سائیٹ پر پڑی پڑی تباہ ہوگئیں ہیں،8ارب سگنلز کا پروگرام آج 32ارب کا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں سنگل بڈز ہوتی رہیں ہیں ،افسران میں ہمت ہی نہیں تھی کہ اوپن بڈ کریں ۔انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون کا ڈیزائن تیار ہے ، ،ایم ایل ٹو اورفور کو ٹینڈر میں لگایاجائے تاکہ اسوقت جو دوست ممالک ریلوے میں دلچسپی لے رہے ہیں انھیں مختلف آپشن مل سکیں۔