اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا مفتی محمد عبدالشکور نے کہا ہے کہ رواں سال حاجیوں کو وہ مراعات دی گئیں جو پہلے کبھی نہیں دی گئیں، سعودی عرب نے پاکستان کو مسائل سے نکالنے کیلئے ایک موثر اور فعال کردار ادا کیا ہے جس کیلئے ہم ان کے انتہائی شکر گذار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں پیغام حج کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر مذہبی امور مولانا مفتی محمد عبدالشکور نے کہا کہ پیغام حج کانفرنس میں شرکت ان کیلئے باعث عزت ہے اور انہوں نے پاکستان میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ حج انتظامات اور روڈ ٹو مکہ پروگرا م میں سعودی سفیر المالکی نے بھرپور تعاون یقینی بنایا اور پاکستان ان خصوصی انتظامات کیلئے ان کا شکر گذار ہے ۔
حج آپریشن کے حوالے سے سعودی حکومت اور پاکستان میں سعودی سفیر نے پاکستان کے ساتھ خصوصی تعاون فرمایا ہے ۔ رواں سال حاجیوں کو وہ مراعات دی گئیں جو پہلے کبھی نہیں دی گئیں ۔ حالیہ مہینوں میں پاکستان مختلف مسائل کا شکار رہا ہے اور سعودی عرب نے پاکستان کو موجودہ مسائل سے نکالنے کیلئے ایک موثر اور فعال کردار ادا کیا ہے جس کیلئے ہم ان کے انتہائی شکر گذار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ میں انشاء اللہ حج کو سستا بنائوں گا اور اس حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں ہم اس میں کامیاب ہوئے، میں نے سعودی عرب میں تمام ہوٹلوں، ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور کیٹیرنگ کمپنیوں کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، اس کا فائدہ یہ ہوا کہ اس سے ہم نے کمیشن کو نکال دیا جس سے ڈیڑھ لاکھ فی کس حاجی کو فائدہ پہنچا، ہم نے پاکستان کے تمام سرکاری عازمین حج کو قریب ترین مقامات پر رہائش فراہم کی،
ہم نے حجاج کرام کو جو سہولیات فراہم کیں وہ پرائیویٹ کمپنیوں کے لئے پریشانی کا باعث بن گئیں کیونکہ وہ بہت زیادہ رقم لے کر اتنی مراعات نہیں دے سکتے تھے، ہمارے ساتھ سعودی حکومت بہترین تعاون فراہم کیا۔