اسلام آباد ۔ 11 مارچ (اے پی پی) رواں مالی سال کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے کی جانے والی ترسیلات کی شرح میں 5.4 فیصد اضافہ ہوا ہے اور جاری مالی سال میں جولائی تا فروری 2019-20ءکے دوران ترسیلات زر کا حجم 15126.5 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے 14355.8 ملین ڈالر کی ترسیلات زر کی تھیں۔ خزانہ ڈویژن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلہ میں فروری 2020ءکے دوران ترسیلات کی شرح میں 15.3 فیصد اضافہ ہوا ہے اور 1824.3 ملین ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی ہیں جبکہ فروری 2019ءکے دوران 1581.7 ملین ڈالر کی ترسیلات وصول ہوئی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے دوران سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے وصول ہوئیں جو مجموعی ترسیلات کے 23 فیصد کے مساوی رہی ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات سے وصولیوں کی شرح 20.7 فیصد اور امریکہ سے 16.9 فیصد رہی ہے اسی طرح برطانیہ سے بھیجی جانے والی رقوم مجموعی ترسیلات زر کے 15.2 فیصد اور دیگر خلیجی ممالک سے 9.6 فیصد رہی ہیں جبکہ ملائیشیا سے 6.7 فیصد، یورپی یونین سے 2.9 فیصد اور دیگر ممالک سے 4.8 فیصد رقوم وصول ہوئی ہیں۔