وزیرِ اعظم عمران خان سے برطانیہ کے مختلف مایہ ناز تعلیمی اور تحقیقی اداروں کے 70 سائنسدانوں کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد ۔ 10 مارچ (اے پی پی) وزیرِ اعظم عمران خان سے برطانیہ میں مقیم سائنسدانوں کے وفد نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد حسین چوہدری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیرِاعظم کو بتایا گیا کہ برطانیہ کے مختلف مایہ ناز تعلیمی اور تحقیقی اداروں سے تعلق رکھنے والے 70 سائنسدانوں کا وفد پاکستان میں موجود ہے جو کہ ایگریکلچر نیوٹریشن، ہیلتھ کیئر اور بائیو ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ ورکشاپ میں شرکت کر رہا ہے۔ اس ورکشاپ کا مقصد ان شعبہ جات میں جدید علوم، تجربات اور معلومات کا تبادلہ خیال ہے اور اس ضمن میں متعلقہ پاکستانی اور بین الاقوامی اداروں کے درمیان روابط اور پارٹنر شپ کا قیام ہے۔ وزیرِاعظم نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود پوٹیشنل کو بروئے کار لانے کے لئے ٹیکنالوجی اور جدید ریسرچ کا فروغ نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ وزیرِ اعظم نے برطانیہ میں مختلف شعبوں میں اپنی قابلیت کا لوہا منوانے والی پاکستانی نژاد کمیونٹی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جدید علوم اور خصوصاً ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے ایسے افراد کی قابلیت سے استفادہ کرنا ملکی مفاد میں ہے۔ اس ضمن میں وزیرِ اعظم نے ریسرچ سے متعلقہ ملکی اداروں کے بین الاقوامی تحقیقاتی اداروں کے ساتھ گہرے روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان ان روابط کے فروغ کے لئے ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔