یورپی یونین کے اپنے سیٹلائٹ منصوبےکی مسابقتی قوانین کے تحت منظوری کے لیے شراکت دار اداروں کے ساتھ مذاکرات
یورپی یونین کے اپنے سیٹلائٹ منصوبےکی مسابقتی قوانین کے تحت منظوری کے لیے شراکت دار اداروں کے ساتھ مذاکرات

مزید خبریں
برسلز۔16اکتوبر (اے پی پی):یورپی یونین کے امریکی سیٹلائٹ کمپنی سپیس ایکس پر انحصار کم کرنے کے لیے اپنے سیٹلائٹ منصوبےکی مسابقتی قوانین کے تحت منظوری جلد حاصل کرنے کے لیےاپنے شراکت دار اداروں لیونارڈو ایس پی اے، ایئربس ایس ای اور تھیلز ایس اے کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق بلومبرگ نے اس معاملے سے آگاہ عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ اس منصوبے کو یورپی یونین کی جانب سے سپیس ایکس کے متبادل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران ہونے والے مذاکرات میں اس منصوبے سے متعلق مسابقتی خدشات کی نشاندہی اور انہیں دور کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی، تاکہ منظوری کے لیے باضابطہ درخواست دینے سے قبل ممکنہ مسائل حل کیے جا سکیں۔ مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ متعلقہ کمپنیوں نے تاحال درخواست جمع نہیں کرائی، تاہم یورپی یونین کے حکام کو توقع ہے کہ وہ آئندہ چند ہفتوں میں ایسا کر دیں گی۔
پراجیکٹ برومو کے نام سے معروف اس منصوبے کو یورپی کمیشن کی صدر ارسلا وان ڈیر لیین نے ایک ممکنہ یورپی چیمپئن قرار دیا ہے۔اس منصوبے کا مقصد ایسی کمپنی قائم کرنا ہے جو یورپ کو ایلون مسک کی سپیس ایکس سمیت امریکی سیٹلائٹ فراہم کرنے والے اداروں پر انحصار کم کرنے میں مدد دے سکے۔







