ماسکو۔18دسمبر (اے پی پی):روس کی پارلیمنٹ نے ایک بل کی منظوری دی ہے جس کے تحت عدالتوں کو روسی حکومت کی طرف سے دہشت گرد تنظیموں کے طور پر نامزد گروپوں پر پابندیاں معطل کرنے کی اجازت دی جائے گی ،جس سے روس کے لئے افغان طالبان اور ممکنہ طور پر شام کی نئی قیادت کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی راہ ہموار ہو گی۔
جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق روسی پارلیمان کے ایوان زیریں ڈوما نے گزشتہ روز جس بل کی منظوری دی ہے اس میں دہشت گرد قرار د یئے گئے گروہوں کو قانونی طور پر اس فہرست سے نکالے جانے کے طریقہ کار کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔
اسی طریقہ کار کی روشنی میں طالبان سے متعلق مستقبل کے متوقع فیصلے کے لئے ضروری قانونی فریم ورک تیار کیا جائے گا۔ روس کی ایوان بالا کی فیڈریشن کونسل جمعہ کو اس بل پر غور کرے گی جس کے بعد یہ مسودہ روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی منظوری سے قانونبن جائے گا۔