روس، ملائیشیا اور ترکیہ کی کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت، صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے تعزیت کا اظہار

118

اسلام آباد۔9نومبر (اے پی پی):روس کے صدر ولادی میر پوٹن، ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اور ترکیہ حکومت نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر دہشت گردانہ حملے کے بعد صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو ایک خط میں روس کےصدر نے اس سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جس میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد شہریوں کی جانیں گئیں اور کئی دیگر زخمی ہوئے۔انہوں نے اس وحشیانہ واقعہ کی شدید مذمت کی اور ذمہ داروں کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ روس کی یکجہتی پر زور دیا،

انتہا پسندی سے نمٹنے اور شہریوں کو پرتشدد کارروائیوں سے بچانے کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ قریبی تعاون کے لیے روس کے عزم کا اعادہ کیا۔ولادی میر پیوٹن نے لکھا کہ ہم دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خلاف اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔انہوں نے اس طرح کے گھناؤنے جرائم کے خلاف جنگ میں مدد کے لیے روس کے عزم کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ حملے کے ماسٹر مائنڈز کو سزا دی جائے گی۔دریں اثنا ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے کوئٹہ واقعہ پر دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ملائیشیا کے وزیر اعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ملائیشیا کی عوام کی طرف سے پاکستانی عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں جو اس بے حس اور تباہ کن نقصان پر سو گوار ہیں ۔

انہوں نے عام شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے ان اقدامات کو انتہائی بے رحم اور پر تشدد قرار دیا اور کہا کہ یہ بے رحمانہ اور پر تشدد کارروائیاں انتہا پسندی اور ہٹ دھرمی کی سوچ کے حامل عناصر کی طرف سے لاحق حطرات کا تسلسل ہے جو مسلم معاشروں کی ترقی اور امن کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملائیشیا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت پاکستان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔ ترکیہ کی حکومت نے دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستانی عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔ترکیہ کی وزارت خارجہ نے ایک خط میں کہا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی حمایت جاری رکھیں گے۔