اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):روشن ڈیجیٹل اکائونٹ (آر ڈی اے) میں ترسیلات کی وصولیوں میں جنوری 2025 کے دوران 9.35 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق اس دوران آر ڈی اے میں 222 ملین ڈالر موصول ہوئے جبکہ دسمبر 2024 کے دوران آر ڈی اے کے محصولات 203 ملین ڈالر رہے تھے۔
اس طرح دسمبر 2024 کے مقابلہ میں جنوری 2025 کے دوران آر ڈی اے کے ذریعے زرمبادلہ کی وصولیوں میں 19 ملین ڈالر یعنی 9.35 فیصد کی بڑھوتری ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کا آغاز ستمبر 2020 میں کیا گیا تھا ، ستمبر 2020 سے لے کر جنوری 2025 کے دوران آر ڈی اے کے محصولات 9.564 ارب ڈالر رہے ہیں جن میں سے 1.711 ارب ڈالر واپس بیرون ملک منتقل کئے گئے جبکہ 6.052 ارب ڈالر کا حکومت نے استعمال کیا ہے۔ واضح رہے کہ جنوری 2025 کے اختتام تک روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کی تعداد 7 لاکھ 78 ہزار 697 تک پہنچ گئی۔