ریاست ہائے متحدہ امریکہ بچوں کے لئے تیارکی گئی کووڈ-19کی ایک کروڑ 60لاکھ خوراکیں عطیہ کرے گا

137

اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):ریاست ہائے متحدہ امریکہ کوویکس کے ساتھ ایک معاہدہ کے تحت پاکستان کو بچوں کے لئے تیارکی گئی کووڈ-19ٹیکوں کی ایک کروڑ 60لاکھ خوراکیں عطیہ کرے گا جس کے بعد پاکستان کوامریکہ کی جانب سے دی جانے والی کورونا ویکسین کی تعداد سات کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ ہوجائے گی ،ویکسین کی نئی کھیپ کی فراہمی کا اعلان واشنگٹن میں پاکستان اورامریکہ کے درمیان منعقد ہونے والے پہلے ہیلتھ ڈائیلاگ کے اختتام کے موقع پرکیا گیا۔

مزید برآں یوایس ایڈ کی جانب سے مالی اعانت کی مد میں دو کروڑ ڈالر اضافی معانت بھی پاکستان کو ویکسی نیشن مہم کی کوششوں میں مدد کے طور پر مہیا کرنے کا منصوبہ ہے۔ واضح رہے کہ وبا کے آغاز سے لیکراب تک امریکی حکومت کی جانب سے پاکستان کو سات کروڑچارلاکھ ڈالر کی براہ راست اور۱ کروڑ ۳۸ لاکھ ڈالر مالیت کا سامان کووڈ-۱۹ کے خلاف جنگ میں معاونت کے طور پر دیا گیا ہے۔امریکہ پاکستان کوسب سے زیادہ کورونا ویکسین عطیہ کرنے والا واحد مُلک ہے۔

فائزراورموڈرنا ویکسین کےعلاوہ امریکہ نے یوایس ایڈ کے توسط سے چھیالیس لاکھ ڈالرمالیت کی چارموبائل لیبارٹریز پاکستان کے قومی ادارہ برائے صحت کو فراہم کی ہیں۔ یہ لیبارٹریزکورونا وبا اور دیگر متعدی امراض کی تشخیص کی استعداد کار بڑھانے میں پاکستان کی معاون ثابت ہوں گی خاص طور پر دُورافتادہ اورسہولیات سے محروم علاقوں کے لوگ اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔

یاد رہے کہ امریکہ نے پاکستان کوبارہ لاکھ این نائنٹی فائیو ماسک، چھانوے ہزارسرجیکل ماسک، باون ہزارحفاظتی گوگلز، دس لاکھ کووڈ فوری ٹیسٹ کے لیے درکار آلات، بارہ سوسے زائد پلس آکسی میٹرزاورچونسٹھ پاکستانی ہسپتالوں کے لئے دو سو وینٹی لیٹرز بھی فراہم کیے ہیں۔ امریکی حکومت نے پاکستان بھرمیں تیس ہزارسے زیادہ خواتین صحت کارکنوں کو کورونا متاثرین کی گھر ہی میں دیکھ بھال کی تربیت فراہم کی ہے اور مرض کی نگرانی اور رد عمل کے یونٹ اور ٹیموں کا نیٹ ورک بھی تشکیل دیا ہے جس کے نتیجہ میں موجودہ وبا کی لہراور مستقبل میں آنے والی ممکنہ بیماریوں سے مقابلہ کے لئے بنیادی ڈھانچہ فراہم ہوا ہے۔

اس موقع پراظہارِ خیال کرتے ہوئے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے صحت کے شعبہ میں مضبوط باہمی تعاون کی اہمیت پرزوردیا اور کووڈ-19 کے خلاف جنگ میں پاکستان کی شراکت کا ذکر اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پچہترسال پرمُحیط باہمی تعلقات کے دوران ہم نے اپنے تعاون اور شراکت کے فروغ پرکام کیا ہے جو کہ کورونا وبا کے سدباب اور پاکستان میں اُس کے پھیلاؤ کے خاتمہ کے لیے کوششوں سے بھی عیاں ہے۔ ہم صحتِ عامہ کو لاحق اس دیرینہ مشکل پرقابوپانے کے لئے شانہ بشانہ کام کریں گے۔