ریاستیں مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر نفرت اور تشدد کو بڑھاوا دینے والے واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کریں، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

144
ریاستیں مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر نفرت اور تشدد کو بڑھاوا دینے والے واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کریں، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

اقوام متحدہ ۔23اگست (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش نےریاستوں،سفارتی عہدیداروں اور مذہبی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر نفرت اور تشدد کو بڑھاوا دینے والے واقعات کو روکنے کے لیے اقدامات کریں ۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بننے والے افراد کے بین الاقوامی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تمام ریاستوں کو مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر نفرت اور تشدد کو بڑھاوا دینے جیسے واقعات کی ہر سطح پر مذمت کرنی چاہیے اور ہر فرد کے لیے محفوظ زندگی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ دنیا بھر میں لوگوں کو مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر عدم برداشت اور تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے خلاف آن لائن یا آف لائن نفرت انگیز تقاریر تشدد کو ہوا دیتی ہیں لہزا ہمیں متاثرین کی مدد کے لیے مزید کام کرنا چاہیے اور ان حالات کا جائزہ لینا چاہیے جو عدم برداشت اور نفرت کو جنم دیتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ یہ ریاستوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر بڑھتے ہوئے امتیازی سلوک اور تشدد کو روکیں اور شمولیت، تنوع، رواداری اور بین المذاہب اور بین الثقافتی مکالمے کی پالیسیوں کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات اور اس کی سزا ہونی چاہیے۔ واضح رہے کہ مذہب یا عقیدے کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بننے والے افراد کا بین الاقوامی دن ہر سال 22 اگست کو منایا جاتا ہے۔