متاثرین کے لئے کھربوں روپے کی ضرورت ہے، قوم مصیبت زدہ بھائیوں کی مددکے لئے دل کھول کر عطیات دے، وزیراعظم شہبازشریف

اسلام آباد۔23اگست (اے پی پی):وزیراعظم شہبازشریف نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے اپیل کرتےہوئے کہا ہے کہ بلوچستان اور سندھ میں قیامت صغرٰی کا منظر ہے، حکومت سیلاب زدگان کی مدد اوربحالی کے لئے دن رات کام کررہی ہے، متاثرین کے لئے کھربوں روپے کی ضرورت ہے، قوم مصیبت زدہ بھائیوں کی مددکے لئے دل کھول کر عطیات دے۔

منگل کو وزیراعظم محمدشہباز شریف نےقوم سے سیلاب زدگان کی مدد کےلئے امداد کی اپیل کی۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ ملک میں بارشوں کا 30 سال کا ریکارڈ ٹوٹنے سے خاص طور پر بلوچستان اور سندھ میں تباہی وبربادی سے قیامت صغرٰی کا منظر ہے۔

سینکڑوں پاکستانی سیلاب کی بے رحم موجوں کی نذر ہوکراپنے پیچھے جدائی کا غم چھوڑ گئے ہیں۔ سینکڑوں زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔ بہت بڑی تعداد میں لوگ بے گھر ہیں، مال مویشی، فصلوں ، باغات اور املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ صوبائی حکومتوں ، وفاقی وصوبائی اداروں اور مسلح افواج کے بھرپور تعاون سے ہم سب مل کر دن رات کام کررہے ہیں۔

مجموعی طور پر 37.2 ارب روپے سیلاب زدگان کے لئے مہیا کئے جارہے ہیں۔ میں نے فی الفور 5 ارب روپے کی رقم این ڈی ایم اے کو جاری کروائی ہے تاکہ ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے اقدامات میں تیزی آئے۔ ہر جاں بحق فردکے خاندان کو10 لاکھ ، زخمیوں ، گھروں کے گرنے اور دیگر نقصانات پر زرتلافی کے علاوہ متاثرین کو25 ہزار روپے نقد کی ادائیگی بڑے پیمانے پر جاری ہے جس کے لئے 80 ارب روپے سے زائد درکار ہیں۔

کھربوں روپے کے نقصانات کو پورا کرنے اور متاثرین کی بحالی کے لئے کھربوں روپے کی ضرور ت ہے۔ یہ تمام اقدامات ہمارا فرض ہے جسے ہم محنت، دیانتداری اور غم گساری کے جذبے سے انجام دے رہے ہیں۔ سڑکیں اورپُل بہہ جانے سے زمینی رابطہ کٹنے پر ہیلی کاپٹروں سے مدد لی جارہی ہے۔

اہل وطن کی مدد کی کوششوں کے دوران پاک آرمی کے افسران نے جام شہادت نوش کرکے قربانی کے عظیم جذبے کی روشن مثال قائم کی ہے ۔2005کے قیامت خیز زلزلے اور 2010کے تباہ کن سیلاب کے موقع پر بھی عوام اور ادارے مصیبت میں گِھرے پاکستانیوں کے لئے ایثاراور قربانی کے ایسے ہی عظیم جذبے سے دنیا میں مثال بن گئے تھے۔ پوری قوم آگے بڑھ کر ہاتھ بٹائے تو ہم کئی گنا زیادہ رفتار سے متاثرین کی جلد امداد اور بحالی میں کامیاب ہوسکتے ہیں ۔

ایثاراور قربانی میں ہماری قوم دنیا میں سب سے آگے ہے۔ میں آپ سے تعاون کی درخواست کرتا ہوں ۔ آقا کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بڑھ کر ہمارے لئے کوئی مثال نہیں ہوسکتی جن کی محبت میں انصار نے مصیبت زدہ بھائیوں کے دکھ بانٹ لئے تھے۔ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے قائم فنڈ میں دل کھول کر عطیات جمع کرائیں۔ آئیں ! مصیبت زدہ بھائیوں کی انصار مدینہ کی طرح مدد کریں۔ تاکہ محشر کی مشکل گھڑی میں اللہ تعالی ہم پر رحم فرمائے