ریزیلیئنٹ کانفرنس میں وسط اور طویل المدتی ریکوری، بحالی اور تعمیر نو کی ضروریات کا خاکہ پیش کیا، آفات کے اندھیروں کو مواقع کی روشنی سے بدلنا ہوگا، وزیراعظم کا ٹویٹ

70

اسلام آباد۔10جنوری (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریزیلیئنٹ کانفرنس سے اپنے خطاب میں ، میں نے وسط اور طویل المدتی ریکوری، بحالی اور تعمیر نو کی ضروریات کا خاکہ پیش کیا، موسمیاتی بحران نے ہزاریہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے اقوام کی صلاحیت کو شدید خطرات سے دو چار کر دیا ہے۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ کانفرنس سے اپنے خطاب میں دنیا کو بتایاکہ کس طرح سے سیلاب کی تباہ کاریوں نے ہمارے صحت اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچایا ہے جبکہ اپنے خطاب میں دنیا کو خوراک کے عدم تحفظ کے بارے میں بھی میں نے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی بحران نے ہزاریہ ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے اقوام کی صلاحیت کو شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔ معمول کے مطابق زندگی پر جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ امید کے پائیدار مستقبل کی طرف منتقلی کے لئے دنیا کو وژن اور یکجہتی کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ آفات کے اندھیروں کو مواقع کی روشنی سے بدلنا ہوگا۔