حیدرآباد۔ 13 فروری (اے پی پی):ریڈیو پاکستان کی جانب سے ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (ریڈیو پاکستان) کے ڈائریکٹر جنرل سعید احمد شیخ نے ریڈیو پاکستان ،حیدرآباد کے سٹوڈیوز میں کیک کاٹا۔کیک کاٹنے کی تقریب سےخطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ ریڈیو پاکستان ملک کے عوام کو تفریح اور معلومات فراہم کرنے میں سب سے آگے رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اس ذمہ داری کو ایمانداری سے نبھانے پر ریڈیو پاکستان کے تمام عملے کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس جدید دور میں میڈیا کے لیے بہت بڑے چیلنجز ہیں لیکن اس کے باوجود ریڈیو پاکستان نے کئی دہائیوں کی محنت اور خدمت سے خود کو منوایا اور اپنی افادیت کو برقرار رکھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک عظیم قومی نشریاتی ادارہ ہے جس کا مقصد لوگوں کو تعلیم، تفریح اور معلومات فراہم کرنا ہے اور ریڈیو پاکستان کے تمام ملازمین اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے ریڈیو پاکستان کے احاطے میں ایک پودہ بھی لگایا۔ اس موقع پر ڈپٹی کنٹرولر عمران جاوید، اسٹیشن ڈائریکٹر علی اکبر ہنگورجو، پروگرام منیجر محمد حسین، سینئر پروڈیوسر محمد یاسین جونیجو، محمد عارف آرائیں، روشن کلہوڑو، عابد سولنگی، بہادر خان مہر، نعیمہ صدیق، خالد چانڈیو، سعیدہ چانڈیو، ڈپٹی کنٹرولر انجینئرنگ قدیر مہیسر، خالد علی، حاجی محمد کھوکھر اور دیگر موجود تھے۔