پاک افغان کوآپریشن فورم کا زلزلہ سے متاثرہ افغان عوام کی مدد کے لیے مشن جاری

86

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):پاکستان افغانستان کوآپریشن فورم (پی اے سی ایف) افغانستان کے مشرقی حصے میں آنے والے حالیہ تباہ کن زلزلے سے متاثر ہ افغان عوام کی مدد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔پہاڑی صوبہ پکتیکا میں آنے والے زلزلے میں کم از کم ایک ہزار افراد ہلاک اور تین ہزار کے قریب زخمی ہوئے جبکہ سینکڑوں مکانات تباہ ہو ئے ہیں ۔زلزلے کے بعد افغانستان کی طالبان حکومت نے انسانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مزید بین الاقوامی مدد کی اپیل کی تھی۔

پی اے سی ایف نے 37.5 ٹن غذائی امداد، سردیوں کے بستر، خیمے، ترپالیں اور کپڑوں پر مشتمل پانچ ٹرک زیرولین غلام خان بارڈر کراسنگ پر افغان حکام کے حوالے کیے ۔یہ فورم الخدمت فاؤنڈیشن کے تعاون سے افغان عوام کے لیے امدادی اعانت فراہم کر رہا ہے۔ماضی قریب میں پی اے سی ایف نے کابل اور خوست کے ہسپتالوں میں آنکھوں کے مفت کیمپ بھی لگائے جہاں پاکستانی ڈاکٹروں نے جنگ زدہ ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے ہزاروں مریضوں کا مفت علاج کیا۔17 جون کو، پی اے سی ایف نے طورخم بارڈر پر پیدائشی دل کے امراض میں مبتلاء افغان بچوں کی پہلی کھیپ بھی وصول کی جو پاکستان میں علاج کرائیں گے۔

افغان عوام کی بہتری کے لیے فورم کی کوششیں پاکستان کی پالیسی کا حصہ ہیں جس کا مقصد ایک مضبوط اور مستحکم افغانستان ہے جس میں سرکاری اور نجی دونوں شعبے اس سلسلے میں سرشار کوششیں کر رہے ہیں۔اس افسوسناک واقعے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے افغان عبوری حکومت کے قائم مقام وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند سے ان سے اظہار یکجہتی کے لیے ٹیلی فونک گفتگو بھی کی۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ غلام خان اور انگور اڈہ بارڈر کراسنگ پوائنٹس کو شدید زخمی افغانوں کی پاکستانی ہسپتالوں میں علاج کے لیے آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔