سابق امریکی صدر جمی کارٹر نے کملا ہیرس کو بذریعہ ڈاک ووٹ دے کر اپنی خواہش پوری کر لی

96
Jimmy Carter
Jimmy Carter

واشنگٹن ۔18اکتوبر (اے پی پی):سابق امریکی صدر جمی کارٹر نے جارجیا میں ابتدائی ووٹنگ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صدارتی دوڑ میں کملا ہیرس کو بذریعہ ڈاک ووٹ دے کر اپنی خواہش پوری کر لی۔ العربیہ اردو کے مطابق جمی کارٹر نے صدارتی دوڑ میں کملا ہیرس کی حمایت کرنے کے لیے طویل عرصے تک زندہ رہنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا اور انہوں نے اپنی یہ خواہش پوری کرلی۔ کارٹر سینٹر ایک غیر منفعتی ادارہ ہے جو جمی کارٹر نے 1981 میں وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد قائم کیا تھا۔

اس ادارے نے بتایا کہ سابق ڈیموکریٹک صدر نے بذریعہ ڈاک ووٹ دیا۔جارجیا میں منگل کو قبل از وقت ووٹنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 4 لاکھ 20 ہزار سے زیادہ افراد نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ہے۔ الیکشن 5 نومبر کو ہو رہے ہیں۔ جمی کارٹر نے کچھ عرصہ قبل اپنے اہل خانہ کو بتایا تھا کہ کملا ہیرس کو ووٹ دینے اور اپنے ریپبلکن حریف ڈونلڈ ٹرمپ کو شکست دینے میں مدد کے لیے کافی عرصہ تک زندہ رہنا ان کے لئے ان کی 100ویں سالگرہ سے بھی زیادہ اہم ہے۔

اس خبر پر تبصرہ کرتے ہوئے ان کے بیٹے چپ کارٹر نے کہا تھا کہ ان کے والد حالیہ انتخابات کے حوالے سے بہت فکر مند ہیں۔ چپ کارٹر نے کہا کہ جب انہوں نے 2 ماہ قبل اپنے والد سے پوچھا کہ کیا وہ 100 سال کی عمر تک زندہ رہنے کی کوشش کر رہے ہیں تو انہوں نے کہا نہیں، وہ کملا ہیرس کو ووٹ دینے کے لئے جینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یاد رہے جمی کارٹر100 سال کی عمر کو پہنچنے والے پہلے سابق امریکی صدر ہیں۔