سابق وزیراعظم سردارسکندرحیات خان کی برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد

121
سابق وزیراعظم سردارسکندرحیات خان کی برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد
سابق وزیراعظم سردارسکندرحیات خان کی برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد

مظفرآباد۔11اکتوبر (اے پی پی):آزادجموں وکشمیر کے سابق صدر و سابق وزیراعظم سردارسکندرحیات خان کی برسی کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب سے سابق وزیر اور مسلم لیگ(ن) کی مرکزی نائب صدر نورین عارف،میر محمد اشرف، سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری راجہ محمد عارف خان،راجہ ممتاز خان ،

راجہ مظہر قیوم، زاہد امین ، تاجر ایسوسی ایشن آزاد کشمیر کے صدر عبد الرزاق خان، جموں وکشمیر لبریشن سیل کے میڈیا کو آرڈینیٹر سردار علی شان،سید نذیر حسین شاہ، سید جواد حسین نقوی،سید افتخار حسین شاہ، سعد صدیقی، شیخ سراج منیر، راجہ گلزار خان ، راجہ شاہد لطیف اور دیگر مقررین نے خطا ب کیا۔ برسی کی تقریب دربار سائیں سہیلی سرکار کے مزار کے احاطے میں منعقد ہوئی۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے سردارسکندرحیات کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ مقررین نے کہاکہ سردارسکندرحیات خان ، انکے والد گرامی سمیت دیگر نے ریاست جموں و کشمیر کی آزادی اور ساری ریاست کے پاکستان کے ساتھ الحاق اور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ آزاد خطہ کے جمہوری نظام کے استحکام کے لیے گرانقدر اورناقابل فراموش قربانیاں دیں۔ قرارداد الحاق پاکستان کی منظوری اور آزاد کشمیر حکومت کے قیام کے لیے بھی بھرپور کرداراداکیا۔

سابق وزیر نورین عارف نے کہاکہ سردار سکندر حیات خان نے آزاد کشمیر کی ہی نہیں پاکستان کی قومی سیاست میں بھی اپنی صلاحیتوں اور قائدانہ کردار کا لوہا منوایا اور پاکستان کے صف اول کے قائدین کے شانہ بشانہ ایک کشمیری سیاست دان کی حیثیت سے بہت یاد گار اور قابل فخر رول ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں سردار سکندر حیات خان اور ہمار ے دیگر کشمیر قائدین کا فکری و نظریاتی اور سیاسی رول صرف آج کے سیاسی کارکنوں اور راہنمائوں کے لیے ہی نہیں بلکہ آنے والے تمام سیاسی لوگوں اور نوجوان نسل کے لیے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے، ت

حریک آزادی ، دو قومی نظریے الحاق پاکستان اور آزاد کشمیر حکومت کے اصل مقاصد سے نوجوان نسل کو آگاہ کرنا ہم سب کی بنیادی اور اولین ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر نورین عارف نے تمام جماعتوں اور تحریک آزادی کے بارے میں حقائق جاننے والوں پر مشتمل ایک کمیٹی قائم کرنے کی تجویز بھی دی جس کی تقریب کے تمام شرکاء نے بھرپور تائید و حمایت کی ۔ تقریب سے میر محمد اشرف، زاہد امین کاشف ڈاکٹر راجہ محمد عارف خان،راجہ ممتاز خان، سید نذیر حسین شال، راجہ مظہر قیوم اور دیگر مقررین نے خطاب کیا۔

تقریب میں سردار سکندر حیات خان کی صاحبزادی کوکب سکندر، مسلم لیگ(ن) کی سٹی صدر سائرہ چشتی، بشریٰ، راہنماء مسلم لیگ (ن)عشرت راجہ اور سنٹرل بار پریس کلب اور میڈیا کے دیگر نمائندوں اور دیگر لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔