راولپنڈی۔7نومبر (اے پی پی):سری لنکن ہائی کمشنر وائس ایڈمرل موہن وجے وکرما نے کہاہے کہ پاک سری لنکا تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے ، دونوں ممالک کے پاس فارما سوٹیکل، فوڈ،جیمز اینڈ جیولری، سیاحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدرندیم رئوف کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کیا ۔
موہن وجے وکرما نے کہا کہ سری لنکا کے پاکستان کے ساتھ گہرے تاریخی، ثقافتی اور تجارتی تعلقات ہیں،کئی شعبوں میں دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ہائی کمشنر نے تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے راولپنڈی چیمبر کی کاوشوں کو سراہا تے ہوئے کہا کہ ہائی کمیشن وفود کے تبادلوں کے لیے چیمبر کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گا۔
اس موقع پر صدر چیمبر ندیم رئوف نے ہائی کمشنر کو چیمبر کی جاری سرگرمیوں اور آئندہ کے پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی۔انھوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کئی شعبوں خاص طور پر کنسٹرکشن، سیاحت، تعلیم، جیمز ینڈ جیولری ، ماربلاور فارم کے شعبے میں باہمی تعاون کے کئی مواقع موجود ہیں۔