سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے

120
APP47-17 RAWALPINDI: February 17 – Prime Minister Imran Khan receives Saudi Crown Prince, HRH Mohammad bin Salman bin Abdulaziz Al Saud on his arrival at Nur Khan Base. APP

اسلام آباد ۔ 17 فروری (اے پی پی)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ سعودی ولی عہد کا طیارہ اتوار کی شام 8 بجے کے قریب اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس پر اترا جہاں وزیراعظم عمران خان نے ان کا پر جوش استقبال کیا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت عسکری قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ سعود ی ولی عہد جونہی طیارے سے باہرآئے تو وزیراعظم عمران خان نے آگے بڑھ کر ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے شہزادہ محمد بن سلمان کو گلدستے پیش کئے۔ سعودی ولی عہد وزیر اعظم کے ہمراہ لائونج میں گئے۔ سعودی ولی عہد کو پاکستان آمد پر 21 توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ہمراہ سعودی شاہی خاندان کے افراد، سینئر وزرائ، سرمایہ کار، سعودی کمپنیوں کے اعلیٰ حکام اور دیگر کئی اہم شخصیات بھی پاکستان آئی ہیں۔ بعد ازاں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیراعظم ہائوس روانہ ہوگئے جہاں وہ وزیراعظم سے ون آن ون ملاقات کریں گے۔ قبل ازیں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا طیارہ جونہی پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تو پاک فضائیہ کے ایف 16 اور جے ایف 17تھنڈر طیاروں نے شاہی طیارے کو اپنے حصار میں لے لیا اور معزز مہمان کے طیارے کے دائیں اور بائیں جانب فار میشن میں پرواز کرتے ہوئے انہیں بحفاظت منزل مقصود تک پہنچایا اور اس طرح پاکستان کے سرکاری دورے پر آنے والے برادرممالک کے سربراہان کو اس انداز میں خوش آمدید کہنے کی پاکستان اور پا ک فضائیہ کی درخشاں روایت برقرار رکھی۔