برسٹل ۔ 15مئی (اے پی پی) انگلش ٹیم کے کپتان اور سٹار بلے باز ایوان مورگن پر پاکستان کے خلاف تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں سلو اوور ریٹ کی بناءپر ایک میچ کی پابندی عائد کر دی گئی جس کے باعث وہ سیریز کے چوتھے میچ میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ انگلش ٹیم کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق انگلش ٹیم پاکستان کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ایک روزہ میچ میں مقررہ وقت میں اوورز مکمل کرانے میں ناکام رہی اور اس نے دو اوورز شارٹ کرائے جس کی وجہ سے ٹیم قائد مورگن پر میچ فیس کا 40 جبکہ دیگر کھلاڑیوں پر 20، 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے، مورگن اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف بارباڈوس ون ڈے میں سلو اوور ریٹ کے مرتکب ٹھہرے تھے اسلئے ان پر ایک میچ کی پابندی بھی عائد کی گئی ہے جس کا مطلب ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف چوتھا ون ڈے نہیں کھیلیں گے۔