رحیم یارخان 19 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان شکیل احمد بھٹی کی زیر صدارت ضلعی انسداد سموگ کمیٹی کااجلاس منعقد ہوا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے سموگ اور آلودگی کی روک تھام کے لئے نئے رولز مرتب کئے ہیں جن کے مطابق کھیتوں میں فصل کی باقیات آگ لگانے پر فی ایکڑ15ہزار جرمانہ کیا جائے، زگ زیگ ٹیکنالوجی کے بغیر بھٹہ خشت، ایرپلوشن کنٹرول ڈیوائس کے بغیر فیکٹری چلانے والے کو ایک لاکھ روپے سے پانچ لاکھ روپے تک جرمانہ اور اندراج مقدمہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ رائس شیلز کے لئے بھی سائیکلون لگوانا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی اور جرمانے کئے جائیں۔انہوں نے ڈی او انڈسٹریز، ماحولیات اور زراعت افسران کو ہدایت کی کہ وہ سموگ اور آلودگی کے لئے بھر پور آگہی مہم چلائی جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ سیکرٹری آر ٹی اے، ٹریفک پولیس روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کریں اور دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر جرمانوں کے ساتھ انہیں بند کیا جائے جبکہ فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر پبلک و گڈز ٹرانسپورٹ کو شاہرات پر آنے کی اجازت نہ دی جائے۔
اجلا س میں محکمہ زراعت، ماحولیات اور انڈسٹریز کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع بھر میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لئے بھر پور آگہی مہم چلائی جا رہی ہے جبکہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع میں فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے پر30ہزار جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔