کراچی۔10اپریل (اے پی پی):سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ میں سولین آمریت اور ایک خاندان کی بادشاہت ہے ، پیپلزپارٹی جمہوری اقدار پر یقین نہیں رکھتی ، پبلک اکائونٹس کمیٹی میں اپوزشن کی نمائندگی نہیں ہے ،اربوں روپے خرچ کرنے کے باوجود سندھ میں صحت کا نظا م بہت خراب ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سندھ اسمبلی بلڈنگ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر بلاول غفار، پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان، جمال صدیقی سمیت دیگر اراکین اسمبلی بھی موجود تھے ۔حلیم عادل شیخ نے کہا محکمہ صحت سندھ نے گزشتہ 13 سالوں کے دوران اربوں روپے خرچ کئے لیکن پھر بھی محکمہ صحت کی صورتحال انتہائی خراب ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اسپتالوں کو نجی اداروں کے حوالے کررہا ہیں تاکہ ون ونڈو آپریشن کے تحت محکمہ صحت کا بجٹ ہڑپ کر لیا جائے، صوبہ میں لاکھوں بچے عذائی قلت کے شکار ہیں ، کتے کے کاٹنے کے ویکسن موجود نہیں ہے ۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ صوبہ میں گزشتہ 8 ماہ سے بچوں کو حفاظتی ٹیکے نہیں لگائے گئے جس کی وجہ سے خسرہ سمیت دیگر بیماریاں پھیل رہی ہیں ۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں کاشتکار پریشان ہیں، کاشتکاروں کو باردانہ نہیں دیا جارہا ہے ،پہلے گنے کے کاشتکاروں کو پریشان کیا گیا تھا آج دوبارہ گندم کے کاشتکاروں کو پریشان کیا جارہا ہے۔ حکومت نے 2 ہزار روپے کا ریٹ مقرر کیا ہے لیکن مند پسند افراد1600 سے 1700 میں گندم خرید رہے ہیں اور یہی گندم دوبارہ سندھ حکومت 2000 میں خریدے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں سندھ کے کاشتکاروں کو باردانہ فراہم کیا جائے۔حلیم عادل شیخ نے کہاکہ سندھ میں جنگل کا قانون ہے،ایک خاتون ایس ایچ او خوش بخت شجاعت نے بڑی مقدار میں منشیات پکڑی جس کے بعد خوش بخت شجاعت کو معطل کیا گیا ۔ پولیس خود منشیات فروشی میں ملوث ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا وفاق کی جانب سے آج سے یوٹیلیٹی اسٹور میں رمضان پیکیج شروع ہورہا ہے ہم عوام کو جتنا ہوسکتا ہے ریلیف دے رہے ہیں۔
قائد حزب اختلاف سندھ نے کہا کہ ملکی معیشت میں نمایا بہتری آئی ہے ڈالر کی قیمت کم ہوکر 153 پر آگئی ہے ۔اسٹاک ایکسچنج ، ایکسپورٹس میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سمینیٹ کی فروخت میں بھی 40 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے ۔ پی ٹی آئی پارلیمانی لیڈر بلاول غفار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کرپشن کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے اور کرپشن کو عوام کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے ۔