سندھ میں شدید دھند، حیسکو ریجن کے 40 فیڈرز ٹرپ کر گئے

91

حیدرآباد۔ 24 جنوری (اے پی پی):سندھ میں شدید دھندکے باعث 500 کے وی ٹرانسمیشن لائنز ٹرپ کرنے کی سے حیسکو ریجن کے 40 فیڈرز ٹرپ کرگئے، جس سے متعدد شہروں کی بجلی منگل سے بند ہوگئی۔

ترجمان حیسکو نے بتایا کہ شدید دھند کی وجہ سے 500 کے وی جامشورو۔ قاسم آباد۔ 132 کے وی ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرگئی، جس کی وجہ سے 132 کے وی قاسم آباد اور 132 کے وی راجپوتانہ گرڈ سٹیشنز کی سپلائی بند ہے۔ ترجمان کے مطابق حیسکو ریجن کے 40 گرڈ سٹیشنز کو بجلی کی فراہمی بند ہوگئی ہے۔

متاثرہ گرڈ سٹیشنز میں نواب شاہ، سکرنڈ، قاضی احمد، دولت پور، دوڑ، سعیدآباد، سانگھڑ، ٹنڈوجام، ٹنڈوالہیار، میرپور خاص و دیگر شامل ہیں۔ ادھر جامشورو اور دادو 500 کے وی لائن بھی ٹرپ کرنےسےمتعددعلاقوں کو بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔ شدید دھند کی وجہ سے تکنیکی عملے کے لئے یارڈ میں کام کرنا مشکل ہوگیا۔

واضح رہے کہ متاثرہ علاقوں میں منگل کی رات سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی جو کہ بدھ کی صبح سے بحال ہونا شروع ہوگئی ہے ۔