سندھ کے کسانوں، ہاریوں اور مزدور ں نے سندھ کے کرپٹ حکمرانوں کے خلاف فیصلہ دیدیا ہے،وزیر مملکت فرخ حبیب

86

اسلام آباد۔24جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ آج سندھ کے کسانوں، ہاریوں اور مزدور ں نے سندھ کے کرپٹ حکمرانوں کے خلاف فیصلہ دیدیا ہے، حقیقت میں آج کا کسان ٹریکٹر ٹرالی احتجاج سندھ حکومت کے خلاف تھا-

فرخ حبیب نے بلاول زرداری کے خطاب پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج سندھ کا کسان،ہاری اور مزدور بھوکا سو ررہا ہے تو اسکی ذمہ دار بھی پیپلز پارٹی ہی ہے، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پیپلز پارٹی 13 سالوں سے سندھ پرحکومت کررہی ہے لیکن کسانوں کے لئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا-

انہوں نے کہا کہ سندھ کے غریب کسان اور ہاری بلاول سے پوچھ رہے ہیں کینال سے براہ راست 500 سے زائد کنکشن کیوں دیئے گئے ہیں، وزیر مملکت نے کہا کہ بدقسمتی ہے آج بھی سندھ میں کاشتکاروں اور چھوٹے زمیندار کو پانی نہیں ملتا،پرچی چیئرمین بتائیں کہ سکھر اور کوٹری سمیت سندھ میں پانی چور کون ہیں؟

وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ سندھ حکومت کی نااہلی کے باعث بدین اور ٹھٹہ میں زرخیز کھیت بنجر اور مقامی لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ میں جاگیر دارانہ نظام،ایک ظالمانہ نظام بن چکا ہے-