جنیوا ۔7اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارت تعلیم نے بتایا ہے کہ سویٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں ہونے والی 50ویں بین الاقوامی نمائش کے دوران وزارت تعلیم کے سٹال کے ذریعے 134 ایجادات کو نمائش میں سعودی طلبہ و اساتذہ پیش کریں گے۔
ایس پی اے کے مطابق جنیوا میں ہونے والی یہ بین القوامی نمائش 9 سے 13 اپریل تک جاری رہے گی جس میں دنیا بھر کے سائنسدان، طلبہ و اساتذہ شریک ہوں گے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ مجموعی طور پر 35 ممالک سے ایک ہزار سے زائد نئی ایجادات نمائش میں پیش کی جائیں گی جسے ہزاروں لوگوں کو دیکھنے کا موقع ملے گا۔
نمائش میں جانے کے لیے سعودی وفد میں مختلف یونیورسٹیوں اور کمپنیوں کی نمائندگی کرنے کے علاوہ ایجادات کرنے والے افراد ذاتی حیثیت میں بھی شرکت کر سکیں گے۔ نمائش میں دنیا بھر سے آنے والوں کے لیے 7 بڑے ایوارڈز پیش کیے جائیں گے جو ان کی ایجادات کے بدلے میں ہوں گے۔واضح رہے ایجادات کے لیے کئی شعبوں کو وسعت دی گئی ہے جس میں بحری سفر کے تحفظ ، ٹیکنالوجی، ماحولیاتی ٹیکنالوجی ، توانائی اور دوسری ایجادات کے حوالے سے نمائش میں حصہ لیا جائے گا۔
ان نمائش کے شعبوں میں بائیومیٹرک ٹیکنالوجی کے علاوہ ہیلتھ کیئر اور طبی آلات، الیکٹرو میڈیکل آلات، روبوٹک آلات، ٹرانسپورٹیشن اور انفراسٹرکچر سے متعلق نئی اختراعات لوگوں کی توجہ کا مرکز بنیں گی۔