سٹی کونسل کے اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کا رویہ قابل افسوس ہے ،میئر کراچی

166
Murtaza Wahab
Murtaza Wahab

کراچی۔ 07 دسمبر (اے پی پی):میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سٹی کونسل کے ماحول کو خوشگوار بنانے کی ہرممکن کوشش کی مگر بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتوں نے جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں نامناسب رویے کا مظاہرہ کیا، ہم سب کو اپنے کردار سے ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ اس شہر میں اب بدنظمی نہیں چلے گی، خدارا ان ایشوز پر آئیں جو کراچی شہر کو درپیش ہیں، پیپلز پارٹی مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے ، اپوزیشن کے نامناسب رویے کے باوجود ہم نے اپنا ایجنڈا پورا کیا اور تمام قراردادیں منظور کروائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سٹی کونسل کے اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر نجمی عالم، چیف وہپ کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان اور دیگر نمائندے بھی موجود تھے۔ میئر کراچی نے کہا کہ گزشتہ اجلاس ملتوی کرنے کی وجہ یہ تھی کہ ہم اجلاس کو احسن انداز میں چلانا چاہتے تھے مگر جماعت اسلامی کے نمائندوں نے اجلاس کے آغاز میں ہی احتجاج اور شور شرابا شروع کردیا،

ہم چاہتے تھے کہ اجلاس کی ابتدا غزہ میں فلسطینی عوام پر مظالم کی مذمت اور ان سے اظہار یکجہتی سے کریں اور گزشتہ روز شہر میں لگنے والی آگ کو بجھانے والے فائر فائٹرزاور ریسکیو عملے کو سلام پیش کریں مگر اس پر بھی یہ اعتراض اٹھایا گیا کہ پہلے ہم یہ قرارداد پیش کرتے، انہوں نے کہاکہ ہم نے اجلاس سے قبل جماعت اسلامی کے رہنمائوں سے مسلسل رابطہ رکھا اور ان کے ساتھ مکمل تعاون کیا ۔

اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ جماعت اسلامی کے نمائندوں نے اجلاس سے قبل تمام تر مفاہمت کی کوششوں کے باوجود یہ ثابت کیا کہ یہ لوگ شہر کی خدمت نہیں کرنا چاہتے، اس شہر کے مسائل حل کرنے کا جتنا فرض ہمارا بنتا ہے اتنی ہی ذمہ داری ان لوگوں پر عائد ہوتی ہے،

پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نجمی عالم نے کہا کہ ہم جماعت اسلامی کے رہنماؤں کو کھلے دل سے دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اپنی تجاویز دیں، شہر کی بہتری کے لئے مل بیٹھ کر کام کرتے ہیں، ہم اکثریتی پارٹی ہیں مگر اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، شہر کے لوگ ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، صرف میئر کراچی نہیں کونسل کے ہر ممبر کی ذمہ داری ہے کہ شہر کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔