سپین اور انگلینڈ کے درمیان نویں فیفا ویمنز ورلڈ کپ کا فائنل میچ 20 اگست کو کھیلا جائے گا

163
فیفا ویمنز ورلڈ کپ

سڈنی۔17اگست (اے پی پی):فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا کے زیر اہتمام نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں مشترکہ طور پر جاری نویں ویمنز ورلڈ کپ اپنے اختتامی مرحلے کی طرف گامزن ہے۔

سپین اور انگلینڈ کی خواتین ٹیمیں فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ سپین کی ٹیم پہلی بار میگا ایونٹ کا فائنل میچ کھیلے گی۔ ویمنز عالمی کپ فٹ بال کا فائنل میچ 20 اگست کو سپین اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ فیفا ویمنز ورلڈ کپ کے انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کی مشترکہ میزبانی میں جاری ہے جو اپنے اختتامی مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔

سپین اورانگلینڈ کی ٹیمیں فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔ دونوں فائنلسٹ ویمن ٹیمیں میگا ایونٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ فائنل میں پہنچی ہیں ۔ سپین کی ٹیم نے سیمی فائنل میں سویڈن کو 1-2 گول سے شکست دے کر پہلی مرتبہ میگا ایونٹ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔ انگلینڈ کی ٹیم نے دوسرے سیمی فائنل میچ میں میزبان آسٹریلیا کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے مات دے کر پہلی مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔

انگلینڈ کی ٹیم نے ایونٹ میں 2015کے ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن کا میچ میزبان آسٹریلیا اور سویڈن کے درمیان 19 اگست کو برسبین میں کھیلا جائے گا۔ فائنلسٹ سپین اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان میگا ایونٹ کا فائنل میچ 20 اگست کو سٹیڈیم آسٹریلیا ،سڈنی میں کھیلا جائے گا