سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر یورو ایشین ممالک کے پارلیمانی سپیکروں کے اجلاس میں شرکت کے لیے قازقستان روانہ

76

اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر یورو ایشین ممالک کے پارلیمانی سپیکروں کے چوتھے اجلاس میں شرکت کے لیے قازقستان روانہ ہوگئے، وہ نور سلطان (آستانہ) میں 23 ستمبر سے 25 ستمبر 2019 ءکے دوران ہونے والے یورپی و ایشیائی ممالک کی پارلیمنٹس کے سپیکروں اجلاس میں شرکت کریں گے، اس فورم میں 84 یورپی اور ایشیائی ممالک کی پارلیمنٹس کے سربراہان اور 16 بین الاقوامی و بین الپارلیمانی تنظیموں کے سربراہ بھی شرکت کریں گے، اجلاس کا موضوع اعتماد اور شراکت داری ہے۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے ہفتے کو جاری بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی گر یٹر یورو ایشیا کانفرنس میں مقبوضہ جموں و کشمیر اور لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف جاری بھارتی جارحیت کے پیش نظر جنوبی ایشیائی خطے کی ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو اجاگر ، مقبوضہ وادی میں کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم اور 50 دن سے جاری کرفیو سے مقبوضہ کشمیر کی عوام پر ہونے والے اثرات سے شرکاءکو آگاہ کریں گے،سپیکر بھارتی مظالم کے خلاف عالمی رائے کو ہموار کرنے کے لیے کانفرنس میں شریک مندوبین سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔