اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں جمہوریہ کوریا کے سفیر سوہ سنگپیو نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات، اہم علاقائی اور بین الاقومی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسپیکرقومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی کوریا کے مابین دہائیوں پر محیط اقتصادی شراکت داری پر مبنی دوستانہ تعلقات پائے جاتے ہیں ۔انہوں نے جمہوریہ کوریا، پاکستان پارلیمانی دوستی گروپ کے ارکان کے 22 سے 25 اگست 2022 کو دورہ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جمہوریہ کوریا کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور ان تعلقات کو پارلیمانی اور اقتصادی تعاون کے ذریعے مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے ۔
سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کوریا نے اپنی دور اندیش اور پرعزم قیادت کے بدولت اقتصادی اور صنعتی شعبوں میں ترقی کے اہداف حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں خاص طور پر مواصلات ، توانائی ، انفرا سٹرکچر اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں کوریا کی کمپنیاں استفادہ کر سکتی ہیں۔
اسپیکر نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کی تباہ کاریوں کا ذکر کرتے ہوے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی نے 13 سے 14 ستمبر کو پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول پر ایشیا پیسفک ریجن کی پارلیمانوں کے تیسرے علاقائی اجلاس کی میزبانی کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے ترقی پذیر ممالک موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہیں اور اس حوالے سے ترقی یافتہ ممالک کو ان نقصانات کے ازالے کیلئے آگے بڑھنا ہوگا ۔
انہوں نے حالیہ کانفرنس میں کوریا کے پارلیمانی وفد کی شرکت اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اصولی موقف کو سراہا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے آئندہ اجلاس جو رونڈا میں منعقد ہوگا میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے ایمرجنسی قرارداد پیش کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس قرارداد میں ترقی یافتہ ممالک پر زور دیا جائے گا کہ وہ ترقی پذیر ممالک میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہونے والی تباہ کاریوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں ۔انہوں نے کورین حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی فراخدلانہ امداد پر شکریہ ادا کیا ۔اسپیکر نے کوریا کے سفیر کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کی 40 ویں سالگرہ کے تقریبات میں شرکت کی دعوت قبول کی۔
کوریا کے سفیر سوہ سنگپیو نے کہا کہ کوریا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان کو اپنا قریبی اقتصادی پارٹنر سمجھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوریا کے سرمایہ کار پاکستان میں مزید سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی لیتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور بردارانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ انکا ملک پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے ہر ممکن تعاون کرے گا۔انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے دونوں ممالک کی 40 سالہ تعلقات کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔