سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے بیلاروس کے ہم منصب ایگور سرگینکو کی ملاقات ، پارلیمانی سفارتکاری پر تبادلہ خیال

145

منسک۔21اگست (اے پی پی):پاکستان اور بیلاروس نے دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے اور پارلیمانی رابطوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پارلیمانی سفارتکاری دونوں ممالک میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ بدھ کو یہاں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بیلاروس کے اپنے ہم منصب ایگور سرگینکو سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کےا مور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں سپیکرز نے باہمی طور پر پارلیمانوں میں روابط کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔

سپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے اور دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور بیلاروس کے مابین تعلقات باہمی اعتماد اور احترام کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارتکاری دونوں ممالک میں مزید تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی میں پاک۔بیلاروس فرینڈ شپ گروپ تشکیل دیا گیا ہے جو دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کو فروغ دینے کیلئے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی فورم پر بیلاروس کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم میں بیلاروس کی شمولیت کی حمایت کی۔سپیکر نے پاکستان کے پارلیمانی وفد کے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر بیلاروس کی حکومت اور عوام کو شکریہ ادا کیا۔ سپیکر نے بیلاروس کے ایوان نمائندگان میں مہمانوں کیلئے رکھی گئی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔ بیلاروس کے سپیکر نے سردار ایاز صادق اور ان کے ہمراہ پارلیمانی وفد کا بیلاروس کا دورہ کرنے پر خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان کے پارلیمانی وفد کا حالیہ دورہ دونوں ممالک میں تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ ایگور سرگینکو نے کہا کہ بیلاروس پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ اس موقع پر دونوں سپیکرز نے قریبی تعاون اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ کیلئے کاوشیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ بیلاروس کے ایوان نمائندگان کے سپیکر نے ایگور سرگینکو نے عالمی فورمز پر پاکستان کی جانب سے بیلاروس کی حمایت پر شکریہ بھی ادا کیا۔