سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی انقرہ میں ایرو سپیس انڈسٹری پر خودکش حملے کی مذمت

89

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ایرو سپیس انڈسٹری پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس کے نتیجہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ بدھ کو اپنے مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام ترکیہ کی پارلیمان اور عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

سپیکر نے انقرہ میں دہشت گرد حملے سے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام ترکیہ میں دہشت گرد حملے سے متاثر ہونے والے خاندانوں کے غم اور دکھ میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے،دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں ان کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے دہشت گردی سے متاثر ہونے والے بہنوں اور بھائیوں کے غم اور دکھ کو محسوس کر سکتا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے انقرہ میں دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی اور شہید ہونے والے افراد کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی ۔