سپیکر قومی اسمبلی کی دعوت پر بحرین کا اعلیٰ سطح کا پارلیمانی وفد 16 فروری کو پاکستان کے 4 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے گا

89

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر مملکت بحرین کی کونسل آف دی ریپریزنٹیٹوز کے سپیکر ڈاکٹر احمد بن سلمان المسلم اپنے اعلیٰ سطح کے پارلیمانی وفد کے ہمراہ 16 سے 19 فروری تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ چار روزہ سرکاری دورے کے دوران وفد اسلام آباد میں مختلف اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کرے گا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بحرین کے سپیکر اور ان کے ہمراہ آنے والا پارلیمانی وفد صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور قومی اسمبلی میں قائم پاک بحرین فرینڈشپ گروپ کے کنوینر اور ممبران سمیت دیگر سیاسی و پارلیمانی قیادت سے ملاقاتیں کرے گا۔

ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کو مزید مستحکم کرنے، دوطرفہ تعاون کو بڑھانے اور خطے کے مشترکہ مفادات کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔بحرین پاکستان کا ایک بااعتماد اور قریبی دوست ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ مذہبی، ثقافتی اور تاریخی اقدار پر استوار ہیں۔ بحرین کے سپیکر کا دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔اپنے قیام کے دوران بحرین کا پارلیمانی وفد اسلام آباد کے مختلف ثقافتی اور تاریخی مقامات کا بھی دورہ کرے گا، جس سے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔