اسلام آباد۔12فروری (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سہ ملکی کرکٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی اور کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کیا اور مشکل حریف کو شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا کی بہترین بیٹنگ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے زبردست کارکردگی دکھائی۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم میں شامل تمام کھلاڑی بھرپور صلاحیتوں کے مالک ہیں اور پاکستان کرکٹ ٹیم دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی سے قومی ٹیم کا مورال بلند ہوگا،امید ہے کی کہ ٹیم سہ فریقی سیریز کے فائنل میں بھی اسی کارکردگی کو دہرائے گی۔سپیکر قومی اسمبلی نے اس کامیابی پر قوم کی خوشی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی نظریں اب چیمپئنز ٹرافی پر جمی ہوئی ہیں اور پاکستانی عوام کی دعائیں اپنی ٹیم کے ساتھ ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=559982