
لاہور۔18 نومبر(اے پی پی)سپیکرقومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں مسلسل کرفیو اور مسلمانوں پر مذہبی پابندیا ں قابل مذمت ہیں ،مسئلہ کشمیر کو اقوام متحد ہ کی قرار دادوں کے مطابق جلد از جلد حل کیا جائے ،سکھ قوم کشمیر میں مسلمانوں کا ساتھ دے ہم مسلمان آپکا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے ،بابا گورو نانک اور حضرت میاں میر کے قائم کیے گئے رشتے کو مزید مضبوط بنانا چاہیے ۔ وہ جمعہ کی شام دیال سنگھ ریسرچ فورم کے زیر اہتمام حضوری باغ میں منعقدہ بین الاقوامی سمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اس موقع پر پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر تارا سنگھ سمیت دنیا بھر سے بڑی تعداد میں آئے سکھ کمیونٹی کے لوگوں نے سیمینار میں شرکت کی۔ انہوں نے کہاکہ بابا وگرو نانک کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا اور انکی انسانیت اور امن اور بھائی چارے کیلئے خدمات قابل تعریف ہیں ،گولڈن ٹیمپل کے سانحہ میں بھارتی حکومت ملوث تھی اور مسلمانوں کے قتل عام میں مودی سرکار ملوث ہے ،بھارت کے بز دلانہ اقدامات دنیا میں اس کی شرمندگی کا باعث ہیں۔