لاہور۔ 08 اپریل (اے پی پی):سی پی او فیصل آباد کی چائنیز کی سیکیورٹی کے حوالہ سے خصوصی میٹنگ ،سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا، متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسر کیپٹن (ر)محمد علی ضیاء نے فیڈ مک سٹی میں چائنیز کی سیکیورٹی کے حوالہ سے میٹنگ کی اور سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا، متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔
میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر فیصل آباد عبداللہ نئیر شیخ. ایس ایس پی آپریشنز حسن جاوید بھٹی ،ایس ایس پی اسپیشل پروٹیکشن یونٹ ایس پی یو (ر) کرنل ندیم ،ایس پی مدینہ ڈویژن شاہ میر. ایس ایچ او فیڈمک ،سپشل برانچ کے افسران اور چائنیز حکام موجود تھے۔
ترجمان شاہد ملک نے بتایا کہ سٹی پولیس آفیسر نے چائنیز حکام کو یقین دہانی کروائی ہے کہ فیصل آباد پولیس اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور اس سلسلہ میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھا جائے گااور غیر ملکی افراد اطمینان سے ملکی ترقی میں اپنا اہم کردار اد ا کرتے رہیں۔ اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد علی ضیاء نے چائینزنیشنل کی سیکیورٹی کا خود جائزہ لیا ۔
چائنیز سیکیورٹی کے انچارج افسران،متعلقہ ایس ایچ او اور ایس ڈی پی اوکو ہدایت کی کہ سائٹ پر کام کرتے ہوئے اور دوران سفر تین لیئر سیکیورٹی کو ہمیشہ قائم رکھا جائے،تین لیئر سکیورٹی میں پولیس سیکیورٹی،پرائیویٹ گارڈ اور عسکری سیکیورٹی کے مسلح گارڈ ہمہ وقت چائنیز کے ساتھ ہونگے۔
سٹی پولیس آفیسر نے پولیس سیکیورٹی افسران کو تنبیہ کی کہ چائنیز فیکٹریوں کی باؤنڈری والز کی مکمل نگرانی ہو نی چاہیے ۔سیکیورٹی کے متعلقہ تمام آلات واک تھرو گیٹس، مورچے، سی سی ٹی وی کیمرے، میٹل ڈیٹیکٹر، سرچ لائٹس اور بیرئیرز درست حالت میں موجود ہونے چاہئیں ۔ چائنیز کی موومنٹ صرف اشد ضرورت کے تحت ہونی چاہیے ۔کوئی بھی چائنیز بغیر سیکیورٹی کے آؤٹ نہیں ہو نا چاہیے دوران سفر ایس او پی کے مطابق الرٹ ہوکر ڈیوٹی سر انجام دی جائے ۔