اسلام آباد۔27ستمبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سیاحت کا عالمی دن منانے کا مقصد اس شعبے کی سماجی، ثقافتی اور معاشی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے،پاکستان کی سر زمین سیاحوں کے لیے محفوظ ترین جگہ ہے، سیاحت کے شعبے کو فروغ دے کر ملک کے اقتصادی مسائل حل کئے جا سکتے ہیں ۔
عالمی یوم سیاحت کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم اپنے شاندار ماضی اور مستقبل کے محافظ کی حیثیت سے عالمی برادری کے ہمراہ سیاحت کا عالمی دن منا رہے ہیں،اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سیاحت کے اعتبار سے بے پناہ قدرتی حسن سے مالا مال کر رکھا ہے،
پاکستان سیاحوں کو قدرتی مناظر، قدیم تہذیب، متنوع ثقافت سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کے چاروں صوبے بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر پرکشش قدرتی مناظر سے نوازا ہے،سیاحت کا شعبہ چھوٹے کاروبار اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اضافے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے،پاکستان میں مختلف جغرافیے، موسم، حیوانات اور نباتات کے ساتھ سماجی اور ثقافتی تنوع سے لطف اندوز ہونے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
سپیکرنے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کا شعبہ پائیدار ترقی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے، یہ شعبہ ملکی زرمبادلہ کمانے کا ایک بڑا ذریعہ ہے،ملک میں سیاحت کے فروغ اور ترقی کیلئے حکومت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں،اس شعبے کو ترقی دے کر ملک سے غربت اور بے روزگاری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت سیاحت کے شعبے کی ترقی اور مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاری کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دورہ گلگت بلتستان کے دوران سیاحت کے اعتبار سے دلکش اور خوبصورت وادیوں کا نظارہ کرنے کا موقع ملا۔سپیکر نے کہا کہ گلگت بلتستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی حسن سے مالا مال کر رکھا ہے،دنیا بھر کے سیاح گلگت بلتستان کے دلکش اور خوبصورت حسن سے لطف اندوز ہونے کے لیے علاقے کا دورہ ضرور کریں۔