سیالکوٹ۔28جنوری (اے پی پی):سینئر پارلیمنٹرین رکن صوبائی اسمبلی محمد منشاء اللہ بٹ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی سیالکوٹ کا اجلاس ڈی سی آفس کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ رکن صوبائی اسمبلی نوید اشرف ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال سنگھیڑا ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مظفر مختار سمیت ایکسین ہائی وے، بلڈنگ، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ، میونسپل کارپوریشن / کمیٹیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔
محمد منشاء اللہ بٹ نے چیف منسٹر ڈسٹرکٹ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز پروگرام کے تحت ضلع سیالکوٹ میں 4 ارب 42 کروڑ روپے سے 158 جاری ترقیاتی اسکیموں پر کام کی پراگرس کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو مقررہ مدت معیاد کے اندر منصوبوں کی تکمیل کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں معیار کو یقینی بنایا جائے اور روڈ انفراسٹرکچر کی اسکیموں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی سڑکوں کو محفوظ بنانے کیلئے سڑکوں کے اطراف مٹی کے ڈھیروں کو سڑک کے لیول سے نیچا کیا جائے تاکہ پانی کھڑا ہونے سے انفراسٹرکچر کو نقصان نہ پہنچے اور قیمتی سرمایہ سے ترقیاتی منصوبوں سے عوام الناس عرصہ دراز تک استفادہ حاصل کرسکیں۔