اسلام آباد۔24دسمبر (اے پی پی):وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں جمہوریہ ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوعلو نے ملاقات کی ہے۔ وزیر قانون نے نئے تعینات ہونے والے ترک سفیر نذیراوعلو کا خیرمقدم کیا۔
منگل کو وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے ترکیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے مختلف شعبوں میں تعاون کی یقین دھانی کرائی ۔
ملاقات میں ڈیجیٹائزیشن ، ججز کی ٹریننگ اور جیلوں سے متعلق اصلاحات پر تعاون کا اعادہ کیا گیا۔ وزیر قانون نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور زراعت کے شعبوں میں ترکی نے جس طرح ترقی کی ہے پاکستان اس سے سیکھ سکتا ہے۔
دونوں فریقوں نے کیس مینجمنٹ سسٹم اور جیل مینجمنٹ سسٹم کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔ ترکیہ کے سفیر نذیرا وعلوم نے پرتپاک استقبال پر وزیر قانون کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کو مضبوط مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنے مکمل عزم کا یقین دلایا۔