سینیٹر فیصل سلیم کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس، مختلف قانون سازی اور انتظامی امور پر غور

87

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس سینیٹر فیصل سلیم کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا جس میں مختلف قانون سازی اور انتظامی امور پر غور کیا گیا۔کمیٹی نے "امیگرنٹس کی سمگلنگ کی روک تھام (ترمیمی) بل 2025” پر تبادلہ خیال کیا۔ سیکرٹری وزارت داخلہ نے قانونی دفعات کو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ روک تھام میں بہتری آئے۔ وزارت قانون کے ڈرافٹس مین نے کمیٹی کو بتایا کہ ترمیم میں کم از کم سزا تین سال مقرر کی گئی ہے جس سے قانون کے نفاذ کو بہتر بنایا جا سکے گا۔

کمیٹی کے ارکان نے بل کی متفقہ منظوری دی اور قانونی نفاذ کی سختی سے پابندی کی اہمیت پر زور دیا۔کمیٹی نے "انسداد انسانی اسمگلنگ (ترمیمی) بل 2025” کا بھی جائزہ لیا۔ سیکرٹری وزارت داخلہ نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ کمیٹی نے وزارت کو ہدایت دی کہ متعلقہ ڈیٹا فراہم کیا جائے اور ایجنٹس کے ذریعے ملوث ہونے والے کیسز کا جائزہ لیا جائے۔

کمیٹی نے "امیگریشن (ترمیمی) بل 2025” پر بھی غور کیا۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے لیے جرمانے ایک ملین روپے تک بڑھا دیئے گئے ہیں اور سزا میں اضافہ بھی تجویز کیا جا رہا ہے۔اجلاس کے اختتام پر پارلیمنٹ لاجز کی تزئین و آرائش کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ سی ڈی اے کے چیئرمین نے بتایا کہ منصوبے کے لیے فنڈز موجودہ بجٹ میں مختص کیے جانے کی صورت میں مکمل بحالی ممکن ہو گی۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ منصوبہ 2011 ءمیں شروع ہوا لیکن زمین کے مسائل کی وجہ سے تاخیر کا شکار رہا۔