سیول کا شمالی کوریا پر جی پی ایس سگنلز جام کرنے کا الزام، فضائی آپریشن متاثر

135
سیول کا شمالی کوریا پر جی پی ایس سگنلز جام کرنے کا الزام، فضائی آپریشن متاثر

سیول ۔10نومبر (اے پی پی):جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے شمالی کوریا نے گزشتہ روز جی پی ایس جیمنگ حملے کیے جس کی وجہ سے کئی بحری جہازوں اور طیاروں کو آپریشنل رکاوٹوں کا سامنا رہا۔

اے ایف پی کے مطابق جنوبی کوریا کی جانب سے یہ الزامات شمالی کوریا کے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تجربات کے بعد سامنے آئے ہیں جس کے بارے میں کہا جا رہا ہے یہ اس کا سب سے جدید اور طاقتور میزائل ہے۔

سیول کے جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ شمالی کوریا نےگزشتہ دو روز کے دوران ہیجو اور کیسونگ میں جی پی ایس جام کرنے کی اشتعال انگیزی کی۔انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ سے کئی بحری جہازوں اور درجنوں طیاروں کو ’آپریشنل رکاوٹوں‘ کا سامنا رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم شمالی کوریا پر زور دیتے ہیں کہ وہ جی پی ایس جام کرنے کی اشتعال انگیزی کو فوری طور پر بند کرے اور خبردار کیا کہ اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل کا ذمہ دار اسے ٹھہرایا جائے گا۔ واضح رہے کہ حالیہ ہفتوں میں شمال کوریا نے اقوام متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بیلسٹک میزائل کے تجربات کیے ہیں۔